بھٹکل 19/ ڈسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے پر پیش آئے ایک سڑک حادثے میں بھٹکل کی معروف شخصیت ابراہیم حسین شریف عرف کاکڑے ابراہیم صاحب (75) انتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
موصوف اپنے مکان خلیفہ اسٹریٹ سے اپنے قریبی رشتہ دار جناب فاروق صدیقہ (68) کی اسکوٹر پر سوارجامعہ اسلامیہ جارہے تھے کہ رنگین کٹہ پر اچانک ایک بائک سوار ان کی اسکوٹر کو چھو کر آگے بڑھ گیا۔ ان کی اسکوٹر کو چھوتے ہی فاروق صاحب کی اسکوٹر کا توازن بگڑ گیا اور وہ گرپڑے۔ جناب ابراہیم صاحب جو پچھلی سیٹ پر سوار تھے، روڈ کی طرف گرگئے، جبکہ فاروق صاحب کنارے کی طرف گرگئے۔ اسی دوران پیچھے سے آرہی ایک تیز رفتار لاری جناب ابراہیم صاحب پر چڑھ گئی ، جس کے نتیجے میں موصوف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں فاروق کو بھی چوٹیں آئی ہیں اور اُنہیں بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد کے بعد کنداپور منتقل کیا گیا ہے۔ حادثہ پیر کی شام قریب 5:15 بجے پیش آیا۔
حادثہ کے فوری بعد جائے واردات پر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا، کافی دیر تک نیشنل ہائی وے بلاک ہوگیا، ابراہیم صاحب کی میت فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اُن کی میت کا آخری دیدار کرنے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی سرکل پولس انسپکٹر سریش نائک اور ان کا عملہ بھی موقع واردات پر پہنچ گیا اور ضروری کاغذی کاروائیاں مکمل کی۔
جناب ابراہیم کاکڑے صاحب بھٹکل میں کافی معروف شخصیت ہیں، وہ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے فعال انتظامی رکن تھے، وہ ایک بار جماعت کے سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ اکثر خلیفہ جامع مسجد میں اذان بھی دیا کرتے تھے، جبکہ شادی بیاہ کے موقع پر مرکزی اداروں کے لئے شادی عطیہ بھی وصول کرنے کے ذمہ دار تھے۔ بے حد شریف، ملنسار، پنچ وقتہ نمازی اور ہر ایک کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے والے انسان تھے۔ نوائطی زبان کے شاعر تھے نفیس تخلص رکھتے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران سمیت دیگر جماعتوں کے ذمہ داران اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے نوجوان بھی اسپتال پہنچ کر گھروالوں سے تعزیت کی اور ان کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔
حادثے کے بعد لاری ڈرائیور کو پولس نے گرفتار کرلیا ہے اور چھان بین جاری ہے۔ فی الوقت میت سرکاری اسپتال میں ہے، پوسٹ مارٹم کے گھروالوں کے حوالے کی جائے گی۔